سرسی:5؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)ریاست کرناٹک میں 31ویں ضلع کے طورپر وجئے نگر کی تشکیل کے بعد پھر ایک بعد اترکنڑا ضلع کو تقسیم کرتے ہوئےسرسی ضلع بنانے کی آواز تیز ہوتی جارہی ہے، مختلف جگہوں سے عوامی لیڈران اور ماہرین ضلع کی تقسیم کو لےکر اپنی آراء کا اظہار کررہے ہیں ۔ ان حالات میں ضلع نگراں کار وزیر شیورام ہیبار نے بھی کہا ہےکہ اترکنڑا ضلع کو تقسیم کرتےہوئے سرسی ضلع کی تشکیل کےلئے ہمارا کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے ضلع کی تشکیل کو لےکر فی الحال کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے ۔
سرسی میں اخبارنویسوں سے بات کرتےہوئے انہوں نےکہاکہ نئےضلع کی تشکیل سےپہلے تمام پارٹی لیڈران ، مختلف شعبہ جات اور میدانوں کے ماہرین کے ساتھ مفصل گفتگو ، غوروخوض ضروری ہے، کلی طورپر عوامی رائے کا خیال رکھنا چاہئے۔ اراکان اسمبلی ، ارکان پارلیمان سمیت عوامی نمائندوں کے ساتھ میں نے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی گفتگو نہیں کی ہے۔ ایک سوال کےجواب میں انہوں نےکہاکہ ضلع میں مجھ سے بڑی عمر کے بزرگ سیاست دان ہیں، نئےضلع کی تشکیل میں ان کے رائے بہت ہی اہم ہوگی۔